وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیر کی ملاقات کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔
اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف اور سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ امور کی ملاقات کے دوران باہمی تعلقات، علاقائی صورتحال اور پاک، بھارت کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور پاک، سعودی عرب کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کے فروغ پر اطمینان ظاہر کیا۔
وزیراعظم نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی غیر متزلزل حمایت پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے پُرعزم ہے۔
شہباز شریف نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت اپنے دفاع کے حق پر زور دیا۔ شہباز شریف نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن کے قیام کے لیے سعودی سفارتی کوششوں کو سراہا۔
وزیراعظم نے بھارت کی جانب سے پاکستان پر میزائل اور ڈرون حملوں کی شدید مذمت کی اور اسے پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا اور کہا کہ بھارتی جارحیت سے علاقائی امن و استحکام کو شدید خطرات لاحق ہیں۔
انہوں نے پاکستانی افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج نے دفاع وطن میں مثالی حوصلے اور جرات کا مظاہرہ کیا اور دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا۔
سعودی وزیر مملکت عادل الجبیر نے بھارتی جارحیت سے پاکستانی شہریوں کی ہلاکت پر گہری تعزیت کی اور جنوبی ایشیا کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان اور بھارت سے کشیدگی کم کرنے کی اپیل کرتا ہے اور دونوں ممالک کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعات حل کرنے کی تجویز دی۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے باہمی تعاون کو مزید مضبوط کرنے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا۔






















