ننکانہ صاحب میں استحکام پاکستان پارٹی کی جانب سے افواجِ پاکستان سے اظہار یکجہتی اور بھارتی جارحیت کیخلاف ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور نوجوانوں نے مودی مردہ باد ، پاک فوج زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے۔
تفصیلات کے مطابق ریلی کی قیادت استحکام پاکستان کے رہنما چوہدری نوشیر مان نے کی جو کہ کچہری پھاٹک سے شروع ہو کر گوردوارہ جنم استھان پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی، ریلی کے اختتام پر ملکی سلامتی اور استحکام کے لیے دعا کی گئی۔ ریلی کے شرکاء نے ملک دشمن عناصر کے خلاف یک زبان ہوکر نعرے بازی کی۔
نوشیر مان کا کہناتھا کہ دشمن کی کوئی بھی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے امن کے دشمن بھارت کو منہ توڑ جواب دیں گے ، مودی سرکار کا جنگی جنون خطے کے امن کے لیے خطرہ بن چکا ہے ننکانہ کے عوام کا جذبہ ملک دشمنوں کے لیے پیغام ہے۔
شہریوں کا کہناتھا کہ افواج پاکستان ہر دل عزیز اور قومی سلامتی کی ضامن ہیں ، بھارتی اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیں گے ، قوم افواج پاکستان کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔






















