کراچی کے علاقے ملیر شرافی گوٹھ کے بعد گلشن حدید لنک روڈ کے قریب بھی بھارتی ڈرون گرکر تباہ ہوگیا۔ لاہور کے علاقے والٹن سے مسلسل فائرنگ کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں۔
بھارت کی جانب سے پاکستان کے متعدد شہروں پر ڈرون سے حملوں کا سلسلہ جاری ہے، کراچی کے علاقے شرافی گوٹھ کے بعد گلشن حدید لنک روڈ کے قریب بھی بھارتی ڈرون گر کر تباہ ہوگیا۔
پولیس کے مطابق دھماکے کے بعد بھاری نفری جائے وقوعہ پہنچ گئی، ڈرون کے دھاتی ٹکڑے تحویل میں لے لیے گئے۔
دوسری جانب پاک فوج نے لاہور کے علاقے والٹن میں صبح ایک ڈرون گرایا گیا تھا، جس کے بعد دوپہر تقریباً ساڑھے 12 بجے دوبارہ مسلسل فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، تاہم تاحال اس کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔
واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے بھیجا گیا ایک ڈرون راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کے قریب بھی گرا، جس میں 2 افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کرکٹ اسٹیڈیم سے ملحقہ ریسٹورانٹ کی عمارت کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔
اس سے قبل ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنی پریس بریفنگ میں بتایا تھا کہ بھارت پاکستان میں ڈرونز کے ذریعے در اندازی کی مسلسل کوشش کررہا ہے، بھارتی ڈرونز لاہور، راولپنڈی، کراچی، اٹک، شیخوپورہ سمیت 9 شہروں میں گرے ہیں، جس میں ایک شخص جاں بحق اور 4 فوجیوں سمیت 5 افراد زخمی ہوئے ہیں۔



















