بھارتی جارحیت اور سیکیورٹی خدشات کے باعث راولپنڈی کی تمام نجی ہاؤسنگ سوسائٹیز میں شام 7 بجے سے صبح 5 بجے تک مکمل بلیک آؤٹ نافذ کرنے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔
ہاؤسنگ سوسائٹیز کی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق اس دوران تمام اسٹریٹ لائٹس بند رکھی جائیں گی، جبکہ رہائشیوں کو گھروں کے باہر، پورچز، اور دیگر بیرونی مقامات پر لائٹس کا استعمال مکمل طور پر روکنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مزید برآں شہریوں کو گھروں اور دفاتر کی کھڑکیوں کو مکمل طور پر ڈھانپنے اور اندرونی روشنیوں کا استعمال کم سے کم کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔
انتظامیہ نے رہائشیوں سے بلیک آؤٹ کے اوقات میں غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی بھی اپیل کی ہے۔
یہ اقدامات موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور بھارتی اشتعال انگیزی کے پیش نظر اٹھائے گئے ہیں تاکہ شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔





















