پاکستان کی جانب سے بھارتی طیاروں کے لیے فضائی حدود کی بندش آج بارہویں روز میں داخل ہو گئی ہے، جس کے باعث اب تک 1250 سے زائد بھارتی پروازیں متاثر ہو چکی ہیں اور 250 کروڑ بھارتی روپے سے زائد کا نقصان رپورٹ ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق فضائی حدود کی بندش سے ایئر انڈیا، آکاسا ایئر، اسپائس جیٹ، انڈیگو ایئر اور ایئر انڈیا ایکسپریس جیسی بڑی بھارتی ایئر لائنز شدید متاثر ہوئی ہیں۔ فضائی راستے کی بندش کے سبب کئی پروازوں کو لمبے روٹس اختیار کرنا پڑ رہا ہے، جبکہ بعض پروازیں مکمل طور پر منسوخ کر دی گئی ہیں۔
خاص طور پر بھارتی A320 طیارے وسط ایشیائی ممالک تک طویل راستے طے کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے، جس کے باعث انڈیگو ایئر کی الماتے، تاشقند اور دیگر وسط ایشیائی شہروں کے لیے فلائٹ آپریشن تاحال معطل ہے۔
فضائی حدود بند ہونے کے باعث بھارت سے امریکا، برطانیہ اور یورپ جانے والی پروازوں کو متبادل راستے اختیار کرنے پر دگنے اخراجات برداشت کرنا پڑ رہے ہیں۔ پروازوں کے دورانیے میں 4 سے 10 گھنٹے کا اضافہ ہو گیا ہے، جبکہ عملے کی تبدیلی بھی یورپی ایئرپورٹس پر کی جا رہی ہے، جس سے لاگت میں مزید اضافہ ہوا ہے۔
اس کے علاوہ متبادل ایئرپورٹس پر لینڈنگ، ری فیولنگ اور ایئرپورٹ چارجز کی مد میں بھی ایئرلائنز کو یومیہ کروڑوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔