کئی سال کی تاخیر کے بعد پاکستان میں ڈائریکٹ ٹو ہوم سروسز دوبارہ شروع کرنے کی کوششیں شروع کردی گئی۔ پیمرا نے ڈی ٹی ایچ سروسز کے دو لائسنس کے لیے درخواستیں طلب کرلیں۔
دلچسپی رکھنی والی کمپنیوں کو کل پیمرا ہیڈ آفس میں پری بڈ کانفرنس کے لئے بھی مدعو کرلیا گیا، پیمرا نے درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 20 مئی مقررکی ہے۔ ڈی ٹی ایچ لائسنس کی بیس پرائس40لاکھ 89ہزارروپے رکھی گئی ہے۔
دلچسپی رکھنے والی کمپنیاں پری بڈ کانفرنس میں کل پیمرا ہیڈ آفس مدعو کیا گیا ہے، پیمرا کے مطابق ایس ای سی پی کے ساتھ رجسٹرڈ کمپنیاں درخواست دینے کی مجاز ہیں، معیارپرپوری اترنے والی کمپنیاں ہی درخواست جمع کرانے کی اہل ہیں۔
ترجمان کے مطابق 20 مئی کے بعد موصول ہونے والی درخواستیں قابل قبول نہیں ہوں گی، اہل قرار دی جانے والی کمپنیوں کو بولی میں شامل ہونے کے لیے مدعو کیا جائے گا، ڈی ٹی ایچ لائسنسوں کی نیلامی کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق درخواست جمع کرانا یا پری کوالیفکیشن کسی کمپنی کو لائسنس کا حقدار نہیں بناتی، اتھارٹی پیمرا قوانین کے تحت کوئی بھی درخواست قبول یا مسترد کر سکتی ہے۔
واضح رہے کہ ڈی ٹی ایچ کی بعض خصوصیات ایسی ہیں جو اسے کیبل ٹی وی سے کہیں زیادہ بہتر سہولت بناتی ہیں۔ اس سروس کے ذریعے آپ کو کیبل ٹی وی کی نسبت زیادہ بہتر تصویر اور آواز کے ساتھ ایس ڈی اور ایچ ڈی چینل کی نشریات موصول ہوں گی۔
اگر آپ کے پاس بجلی کا متبادل ہے تو لوڈ شیڈنگ کے دوران آپ مسلسل ڈی ٹی ایچ نشریات دیکھ سکتے ہیں جبکہ لوڈ شیڈنگ کیبل ٹی وی کی نشریات میں تعطل کا ایک بڑا باعث بنتی ہے۔
ڈی ٹی ایچ کی بدولت آپ دنیا بھر کے تقریباً ایک ہزار چینل تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں لیکن کیبل پر آپ کو زیادہ سے زیادہ لگ بھگ سو چینل ہی دیکھنے کو ملتے ہیں۔
ڈی ٹی ایچ میں آپ چینل کے کسی منظر کو روک سکتے ہیں۔ اپنے پسندیدہ پروگرام کو ریکارڈ بھی کر سکتے ہیں لیکن کیبل ٹی وی میں ایسا کرنا ممکن نہیں۔
ڈی ٹی ایچ باکس پرآپ اپنے ریموٹ کا بٹن دبا کر گزشتہ اور آنے والے پروگراموں کا شیڈول دیکھ سکتے ہیں۔ نیز اپنے باکس کو کسی چینل کے کسی مخصوص پروگرام کے وقت پر سیٹ کر دیں اور تب تک مختلف چینلز دیکھتے رہیں، جیسے ہی آپ کے مطلوبہ چینل پر پروگرام شروع ہوگا آپ کا ڈی ٹی ایچ باکس خود بخود اس چینل کو آپ کے ٹی وی پر ٹیون کر دے گا، اس سہولت کا کیبل پر تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔