نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی ( این سی سی آئی اے ) نے بین الاقوامی سطح پر مالی فراڈ میں ملوث گروہ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم لیاقت علی چھجڑا کو ملتان سے گرفتار کر لیا ہے۔
یہ گرفتاری چھ ماہ سے جاری تحقیقات کے بعد عمل میں آئی جس کے نتیجے میں 29 اپریل کو مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق لیاقت علی ایک بین الاقوامی فراڈی گروہ کا اہم رکن ہے، اس گروہ میں اس کا بھائی امجد علی اور بھتیجا فیصل رضا بھی شامل ہیں جو بیرونِ ملک سے فراڈ میں ملوث پائے گئے ہیں۔
مقدمہ کراچی کی کمپنی "لائیڈ انٹرنیشنل" کے سی ای او کی مدعیت میں درج کیا گیا جس میں الزام لگایا گیا کہ فراڈ "انٹرنیشنل فوڈ چین" کے نام پر کیا گیا۔
کمپنی نے بیرون ممالک میں فوڈ سپلائی کے آن لائن معاہدے کے تحت 29 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی تھی۔
تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ یہ سرمایہ کاری "ایم ایس الیسر" اور "ایم ایس فیڈرلٹی فارفٹنگ" جیسی جعلی کمپنیوں کے نام پر کی گئی جن میں خلیجی ممالک کے شیخ کے نام کا ناجائز استعمال بھی سامنے آیا۔
دبئی، اومان، سعودی عرب سمیت دیگر ممالک میں ان جعلی کمپنیوں کو رجسٹر کروایا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ گروہ کے دیگر 6 ارکان بیرونِ ملک موجود ہیں جب کہ پاکستان میں مالی لین دین کا انتظام لیاقت علی سنبھالتا رہا۔
یہ فراڈ اگست 2023 سے اکتوبر 2023 کے دوران انجام دیا گیا اور ذرائع کے مطابق اس گروہ کو مبینہ طور پر کچھ سیاسی شخصیات کی پشت پناہی بھی حاصل ہے، جس کی بھی تفتیش جاری ہے۔