پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل ) 10 کے 23 ویں میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے شکست دے کر پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں قذافی اسٹیڈیم لاہور میں مدمقابل تھیں جہاں گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور یونائیٹڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 157 رنز بنائے اور گلیڈی ایٹرز کو 158 رنز کا ہدف دیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے محمد نواز 49 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ صاحبزادہ فرحان نے 39 رنز کی اننگ کھیلی۔
گلیڈی ایٹرز کی جانب سے فہیم اشرف نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
جواب میں گلیڈی ایٹرز نے 8 وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور کی پانچویں گیند پر 159 رنز بنا کر مطلوبہ ہدف حاصل کرلیا اور ایونٹ کے پلے آف مرحلے کے لئے کوالیفائی کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔
گلیڈی ایٹرز کی جانب سے حسن نواز نے 64 رنز کی اننگ کھیل ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں رئیلی روسو 27 اور فن ایلن نے 20 رنز کی اننگز کھیلیں۔
اسلام آباد کی جانب سے نسیم شاہ اور سلمان ارشاد نے 2-2 وکٹیں حاصل کیں۔