محکمہ موسمیات نے اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں آج بھی آندھی، گرج چمک اور بارش کی پیشگوئی کی ہے جبکہ خیبرپختونخوا، پنجاب، بلوچستان اور سندھ کے بعض اضلاع میں ژالہ باری اور تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے جبکہ کچھ مقامات پر آندھی، گرج چمک اور موسلا دھار بارش ہوسکتی ہے۔ چند علاقوں میں ژالہ باری بھی متوقع ہے۔
پشاور، چترال، دیر، سوات، ایبٹ آباد، مانسہرہ سمیت خیبرپختونخوا کے متعدد اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ مری، گلیات،راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، لاہور، گوجرانوالہ سمیت وسطی اور جنوبی پنجاب کے بیشتر شہروں میں بھی بھی بارش کے ساتھ بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا تاہم سکھر، گھوٹکی، شکارپور، جیکب آباد اور لاڑکانہ میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
بلوچستان کے ژوب، موسیٰ خیل، بارکھان، کوئٹہ، قلات، سبی اور خضدار میں شام کے وقت بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ہے۔