نائب امریکی صدر جے ڈی وینس کا کہنا ہے کہ بھارت ایسا کوئی ردعمل نہ دے جو خطے میں تنازع کا باعث بنے۔
امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں جے ڈی وینس نے کہا دو جوہری طاقتوں کے درمیان جاری گرما گرمی پرتشویش ہے۔ بھارت اورپاکستان میں اپنے دوستوں کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں۔
جے ڈی وینس کا کہنا تھا کہ امید ہے بھارت ایسا ردعمل نہیں دے گا جس سے وسیع علاقائی تنازع پیدا ہو۔ پاکستان بھی دہشت گردی کے خلاف بھارت کے ساتھ تعاون کرے۔
دوسری جانب ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ٹیمی بروس نے کہا کہ امریکا پاکستان اور بھارت سے رابطے میں ہیں۔ سیکرٹری خارجہ نے بھارتی وزیرخارجہ جے شنکر اور پاکستانی وزیراعظم شہبازشریف سے بات کی ہے۔
ٹیمی بروس نے کہا مارکو روبیو نے دونوں ملکوں سے کہا ہے کہ وہ مسئلے کو ذمہ داری سے حل کرنے کی کوشش کریں، جس سے جنوبی ایشیا میں طویل مدتی امن اور علاقائی استحکام آئے۔
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ ہم پاکستان اور بھارت سے مستقل رابطے میں ہیں اور انہیں ایک ذمہ دارانہ حل کی طرف بڑھنے کا کہہ رہے ہیں۔ دونوں ملکوں سےذمہ داری سے مسئلہ حل کرنےکا کہا ہے۔