چین نے امریکہ پر واضح کر دیا ہے کہ اگر وہ ٹیرف (محصولات) کے معاملے پر سنجیدہ مذاکرات چاہتا ہے تو اسے اپنی پالیسیوں میں عملی تبدیلی لانا ہوگی۔
چینی وزارتِ تجارت کا کہنا ہے کہ واشنگٹن کی جانب سے بارہا مذاکرات کی خواہش کا اظہار کیا گیا ہے، لیکن صرف خواہش کافی نہیں، سنجیدگی بھی دکھانا ہو گی۔
چینی وزارتِ تجارت کے ترجمان نے کہا کہ بات چیت کے دروازے کھلے ہیں مگر امریکہ کو سب سے پہلے اپنی یک طرفہ پالیسیوں پر نظرثانی کرنی چاہیے اور جو محصولات اس نے یکطرفہ طور پر عائد کیے، ان کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات اٹھانے ہوں گے۔
ترجمان کے مطابق تجارتی جنگ اور محصولات کا آغاز امریکہ نے خود کیا تھا، اور اب بات چیت میں سنجیدگی دکھانا بھی اس کی ہی ذمہ داری ہے۔ چین اصولی بات چیت کے لیے تیار ہے، مگر دباؤ یا یکطرفہ فیصلے ناقابلِ قبول ہیں۔