چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پاک بھارت کسی بھی قسم کا تصادم جوہری جنگ کا پیش خیمہ ہو سکتا ہے۔
برطانوی ٹی وی کو انٹرویو میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستانی افواج بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کو تیارہے۔ کسی بھی قسم کا تصادم جوہری جنگ کا پیش خیمہ ہو سکتا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ عالمی برادری فریقین سے رابطے میں ہے، اقوام عالم کی کوشش ہے کشیدگی کو ختم کیا جائے۔ پہلگام واقعہ کی غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات ہوںی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری فضائیہ سے بری اور بحری فوج تک پاکستان بھارت کی کسی بھی قسم کی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے قابل ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ بدقسمتی سے ہم یہ ماضی میں بھی دیکھ چکے ہیں، پہلے بھی دونوں ممالک نے جنگ کا سامنا کیا ہے، ہم امید کرتے ہیں کہ ایسا نہ ہو کیونکہ عالمی برادری دونوں ممالک سے رابطے میں ہے اور زور دے رہی ہے کہ کشیدگی نہ بڑھے۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی محدود جھڑپ سے فضائیہ یا مسلح افواج کے تصادم اور مکمل جنگ بھی ہو سکتی ہے، دونوں ممالک جوہری طاقت رکھتےہیں اسلئے خدا نخواستہ جوہری محاذآرائی بھی ہو سکتی ہے یہی وجہ ہے کہ جب بھی پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی ہوتی ہے تو ہمیشہ یہ تشویش کا باعث بنتی ہے۔