بھارت پہلگام واقعہ کو پاکستان سے جوڑنے میں ناکام ۔ سو ملکوں کے سفیروں کو ثبوت فراہم نہ کرسکا۔ نیویارک ٹائمز نے بھارت کے فالس فلیگ آپریشن کو بے نقاب کر دیا۔
نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق بھارت پہلگام میں پاکستان کے ملوث ہونے کا ثبوت فراہم نہ کرسکا، نئی دلی میں سو ممالک کے سفارتکاروں کو بھارتی حکام کی بریفنگ دی گئی مگر نہ حملہ آوروں کی شناخت کا پتہ چلا۔ نہ ہی پاکستان سے تعلق جوڑ سکے۔
رپورٹ کے مطابق بھارت پاکستان کے خلاف کارروائی کا جواز ڈھونڈ رہا ہے، بریفنگ کے دوران بھارتی حکام پرانے واقعات کا حوالہ دیتے رہے، پاکستان کے خلاف ایک بھی ثبوت فراہم نہ کرسکے تاہم عالمی افراتفری کے ماحول سے فائدہ اٹھا کر بھارتی جارحیت کا مظاہرہ کرسکتا ہے۔
امریکی اخبار نے بھارت کی جنگی صلاحیتوں کا پردہ فاش بھی کردیا، لکھا کہ بدحال بھارتی فوج نریندر مودی کی جارحیت پسندی کی راہ میں رکاوٹ ہے۔
نیویارک ٹئمز کی رپورٹ میں کہا گیا کہ 2019 میں ہی نریندر مودی کو اپنی فوج کی کوتاہیوں کا اندازہ ہوگیا تھا جب پاکستانی افواج نے دو بھارتی طیارے مار گرانے کے بعد پائلٹ ابھینندن کو گرفتار کرلیا۔
رپورٹ کے مطابق بھارتی فوج کا 68 فیصد دفاعی ساز و سامان پرانا ہے، چھ برسوں میں کوئی خاص تبدیلی نہیں آئی۔ بھارت کی آدھی فوج اب بھی جدید دور کے تقاضوں سے کوسوں دور ہے ان کمزوریوں کے ہوتے ہوئے بھارتی حکومت مکمل جنگ چھیڑنے سے گریز کرسکتی ہے۔