احتساب کمیٹی کے رکن قاضی انور نے اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی پراعظم سواتی کیجانب سے لگائے گئے کرپشن کے الزامات بے بنیاد قرار دے دیئے۔
احتساب کمیٹی کے رکن قاضی انور نے دیگر 2 ممبران کی منظوری کے بعد متفقہ 7 صفحات پر مشتمل رپورٹ جاری کر دی،رپورٹ کے مطابق تحریک انصاف رہنما اعظم سواتی نے اسپیکرکے پی اسمبلی پرکرپشن اورغیرقانونی بھرتیوں کا الزام لگایا تھا۔ تحقیقاتی رپورٹ میں اسپیکر بابر سلیم سواتی کو کلین چٹ مل گئی۔
اسپیکر نے الزامات کا نوٹس لیتے ہوئے احتساب کمیٹی کو خفیہ خط لکھا، کمیٹی نے اعظم خان سواتی سے الزامات کے ثبوت طلب کیے، اسپیکر بابر سلیم سواتی پر لگائے گئے الزمات ثابت نہیں ہو سکے۔
رپورٹ کے مطابق اسپیکر ہاؤس کی تزین و آرائش محکمے سی این ڈبلیو کے ذریعے کی گئی، بابر سلیم سواتی سے قبل مشتاق غنی اور اسد قیصر کے دور میں اسمبلی مین 421 افراد بھرتی ہوئے۔ تحقیقاتی رپورٹ تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کو ارسال کی گئی ہے۔