وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ دشمن ہماری معاشی کامیابیوں سے خائف ہیں، اختلافات بھلا کر دہشتگردی کے خلاف مل کر کام کرنا ہوگا، دہشتگردوں کو عبرتناک شکست دیں گے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت امن و امان کی صورتحال پر اہم جائزہ اجلاس میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ شہباز شریف نے سیف سٹی منصوبے جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ دہشت گردوں کو ایسی عبرتناک شکست دی جائے گی کہ وہ دوبارہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہ کر سکیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے افسر اور جوان دن رات دہشت گردوں کے خلاف نبرد آزما ہیں اور جانوں کی قربانی دے رہے ہیں۔ پاکستان کے دشمن ہماری معاشی کامیابیوں سے خائف ہیں۔ ہمیں آپس کے تمام اختلافات بھلا کر دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مل کر کام کرنا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف بیانئے کے حوالے سے وفاق اور صوبے مل کر کام کر رہے ہیں جو خوش آئند ہے۔
انہوں نے دہشت گردی کے خلاف مؤثر اقدامات پر تمام اداروں اور صوبوں کی کاوشوں کو سراہا اور صوبوں کی استعداد بڑھانے میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
وزیراعظم نے تمام اداروں کو ہدایت کی کہ اسمگلنگ کے خلاف کوششیں مزید تیز کی جائیں۔ انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورک کے گرد گھیرا تنگ کیا جائے اور اسمگلروں کو قانون کے شکنجے میں لایا جائے۔وزیراعظم نے ملک کے بڑے شہروں میں سیف سٹی منصوبے جلد از جلد مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔