پاکستان کے سابق کپتان محمد حفیظ نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) اور انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے درمیان موازنے کی بحث میں حصہ لیتے ہوئے دونوں لیگز کا تقابل کرنے سے صاف انکار کر دیا۔
پی ایس ایل کے دسویں ایڈیشن کے سنسنی خیز مقابلوں اور آئی پی ایل کے ہم عصر انعقاد کے باعث سوشل میڈیا پر دنیا کی بہترین کرکٹ لیگ کے بارے میں بحث چھڑ گئی۔
دونوں لیگز میں دنیا بھر کے نامور کھلاڑی شریک ہیں جو کرکٹ شائقین کے لیے بھرپور تفریح کا باعث بن رہے ہیں۔
ایکس پر ایک بھارتی صارف نے محمد حفیظ سے دونوں لیگز کے موازنے کے بارے میں ان کا نقطہ نظر پوچھا۔
جواب میں حفیظ نے کہا "دونوں لیگز نے شائقین کو شاندار تفریح فراہم کی ہے، ان کا کوئی موازنہ نہیں۔"
انہوں نے دونوں ٹورنامنٹس کی اپنی اپنی اہمیت کو سراہتے ہوئے تقابل سے گریز کیا۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل کا دسواں ایڈیشن 11 اپریل 2025 کو رنگا رنگ افتتاحی تقریب کے ساتھ شروع ہوا اور یہ 18 مئی تک جاری رہے گا جس میں مجموعی طور پر 34 میچز کھیلے جائیں گے۔