پاکستانی کرنسی کے مقابلے میں امریکی کرنسی کی قدر میں انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔
کرنسی ڈیلرز کے مطابق کاروباری ہفتے کے تیسرے روز انٹر بینک میں ڈالر ایک روپے 3 پیسے اضافے کے بعد 282 روپے 50 پیسے کا ہوگیا۔ دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر 1 روپے مہنگا ہوکر 284 روپے کا ہوگیا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق گزشتہ روز بھی انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں 52 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا جبکہ ای کیپ کے مطابق گزشتہ روز اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 50 پیسے کا اضافہ ہوا تھا۔
یاد رہے کہ جمعہ کو کاروباری ہفتے کے آخری روز اوپن مارکیٹ میں 4 دن بعد ڈالر کی قدر میں کمی دیکھی گئی تھی،اوپن مارکیٹ میں ڈالر 50 پیسے سستا ہوکر 281 روپے 50 پیسے پرآگیا،جبکہ انٹر بینک میں ڈالر کی 280 روپے 10 پیسے پر ٹریڈ کرتی رہی تھی۔