دنیا بھر سے ہنر مند پیشہ ور افراد کو راغب کرنے کے ایک بڑے اقدام میں ڈنمارک نے اپریل 2025ء تک اپنی ’مثبت فہرست‘ کو اپ ڈیٹ کیا ہے، جس میں مختلف شعبوں میں مطلوبہ پیشوں کی ایک وسیع رینج شامل کی گئی ہے۔
اس ’مثبت فہرست‘ میں صحت کی دیکھ بھال، انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ، تعلیم اور صنعتی ہنر مند جیسے شعبوں میں مطلوب پیشوں کی اچھی خاصی ملازمتیں شامل کی گئی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ اپ ڈیٹ غیر ملکی پیشہ ور افراد کیلئے ڈنمارک میں کام اور رہائشی اجازت نامہ حاصل کرنے کے عمل کو تیزی سے ہموار کرتا ہے۔
امیگریشن کے دیگر مقامات جیسے برطانیہ، امریکا، کینیڈا، آسٹریلیا یا نیوزی لینڈ کے مقابلے میں ڈنمارک کا نظام اب یورپ میں سب سے زیادہ مؤثر اور قابل رسائی ہے۔
ایسے وقت کہ جب بہت سے ممالک امیگریشن کی پالیسیوں کو سخت کر رہے ہیں، ڈنمارک ایک شفاف اور مؤثر خاص طور پر ’مثبت فہرست‘ میں درج پیشوں میں کام کرنیوالوں کیلئے دوستانہ امیگریشن کا عمل پیش کرتا ہے۔
اس فہرست میں شامل شعبوں اور ہنر مندی کے حوالے سے ڈنمارک کے ورک پرمٹ کے حصول کے کلیدی فوائد میں ان مطلوبہ کرداروں کیلئے تیز تر ویزا پروسیسنگ، بقایہ کام اور زندگی کا توازن، مفت صحت اور تعلیم سمیت خاندانی اتحاد کے اختیارات شامل ہیں۔
مثبت فہرست ڈنمارک میں مزدوروں کی کمی کا سامنا کرنیوالے پیشوں کا ایک سرکاری رجسٹر ہے، اگر آپ کو ان میں سے کسی ایک کردار میں ملازمت کی پیشکش موصول ہوتی ہے، تو آپ مثبت فہرست اسکیم کے تحت رہائش اور ورک پرمٹ کیلئے درخواست دے سکتے ہیں۔
اس نوعیت کی ملازمت کے کرداروں کی دو قسمیں ہیں، اول تو اعلیٰ تعلیم کیلئے مثبت فہرست کے تحت ملازمتیں جن کیلئے یونیورسٹی کی ڈگری درکار ہوتی ہے، دوئم ہنر مند کام کیلئے مثبت فہرست جس میں تکنیکی، پیشہ ورانہ، یا تجارت پر مبنی ملازمتیں شامل ہیں۔
نئی فہست متنوع شعبوں میں بہت سے نئے کرداروں کو متعارف کراتی ہے، ہُنرمند اس زمرے کے تحت قابل ذکر اضافے میں شامل ہیں جس میں صحت کی دیکھ بھال اور ذاتی نگہداشت، سماجی اور صحت کی دیکھ بھال کے معاونین جیسے کہ آڈیالوجی اسسٹنٹ وغیرہ شامل ہیں۔