جمعیت علماء اسلام ( ف ) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ وفاق یکطرفہ طور پر ہماری معدنیات پر قبضے کی کوشش کررہا ہے ، مائینز اینڈ منرل بل کو مسترد کرتے ہیں۔
پشاور میں پارٹی کے صوبائی ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ وفاق مائنز اینڈ منرل بل کے ذریعے ہمارے وسائل پر قبضہ کرنا چاہتا ہے اور یہ صوبے کے عوام کے حقوق اور اٹھارویں ترمیم پر حملہ ہے۔
سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ کسی قسم کا ایسا بل جو صوبے کے اختیارت پر ضرب لگائے تو مسترد کرتے ہیں۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی قوتوں کو اور نہ وفاق کو صوبے کے وسائل کا مالک بننے دیں گے اور اگر کوئی سرمایہ کاری کرنا چاہتا ہے تو آئے اس کا طریقہ ہے، صوبے سے معاہدہ کرے لیکن اپنے مفادات پر ضرب اور معدنیات پر دوسروں کا قبضہ برداشت نہیں کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ افغان مہاجرین کا معاملہ دو ملکوں کا مسئلہ ہے ، افغانستان سے مل کر طے کیا جائے ، افغان مہاجرین کو ملک بدر کرنے کے بجائے واپسی کا باعزت طریقہ کار بنایا جائے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ 27 اپریل کو لاہور مینار پاکستان پر غزہ ملین مارچ ہوگا اور 11 مئی کو پشاور میں مردہ باد اسرائیل کانفرنس ہوگی۔