عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے بعد پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 8 روپے 27 پیسے فی لیٹر تک کمی متوقع ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے فی لیٹر کمی ہو سکتی ہے۔اسی طرح مٹی کے تیل (کیرسین آئل) کی قیمت میں 7 روپے 47 پیسے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 21 پیسے فی لیٹر تک کمی کا امکان ہے۔
یہ ممکنہ کمی ملک میں ایندھن کی قیمتوں میں خاطر خواہ ریلیف کی نمائندگی کرتی ہے اور عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی کے رجحان کی عکاسی کرتی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں صرف ایک روپیہ فی لیٹر کمی کی تھی، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 254.63 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی تھی، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 258.64 روپے فی لیٹر پر برقرار رکھی گئی تھی۔
اس سے پہلے 15 مارچ کو حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی تھی۔