سیکیورٹی فورسز نے لوئر دیر میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مرنے والوں میں مطلوب خاجی حفیظ اللہ بھی شامل ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے لوئر دیر کے علاقے تیمرگرہ میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا، فائرنگ کے تبادلے میں مطلوب خارجی حفیظ اللہ سمیت 2 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خارجی حفیظ اللہ عرف کوچوان سیکیورٹی فورسز سمیت معصوم شہریوں کیخلاف دہشتگردانہ کارروائیوں میں ملوث تھا، مارا گیا دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق حکومت نے خارجی حفیظ اللہ عرف کوچوان کے سر کی قیمت ایک کروڑ روپے مقرر کر رکھی تھی۔
صدر مملکت آصف زرداری نے لوئر دیر میں کامیاب آپریشن پر فورسز کو خراج تحسین پیش کیا، انہوں نے 2 دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی بہادری کی تعریف کی۔
آصف زرداری نے دہشتگردوں کے سرغنہ کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو سراہا، صدر مملکت نے کہا کہ دہشت گردوں کے سرغنہ کو ہلاک کرنا سیکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی، سیکیورٹی فورسز کا دہشت گردی کے خاتمے کیلئے کامیاب کارروائیاں کرنا خوش آئند ہے۔ انہوں نے فتنۃ الخوارج کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کا اعادہ کیا۔