اسلام آباد ہائی کورٹ نے ڈیپوٹیشن پر اسلام آباد آنے والے ججز واپس بھیجنے کے سروس ٹریبونل کے فیصلے کیخلاف اپیل پر نوٹس جاری کردیئے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزارتِ قانون و انصاف کو بھی نوٹس جاری کرکے دو ہفتوں میں جواب طلب کرلیا، انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین کی اپیل پر اٹارنی جنرل کو بھی نوٹس جاری کیا گیا ہے۔
اسسٹنٹ اٹارنی جنرل کو ہدایت کی گئی ہے کہ اٹارنی جنرل کو کہیں یہ سنجیدہ معاملہ ہے اس میں معاونت کریں۔
جسٹس ارباب محمد طاہر نے جج ابوالحسنات ذوالقرنین کی اپیل پر احکامات جاری کیے، جس میں ہائیکورٹ کے سروس ٹریبونل نے ڈیپوٹیشن پر آئے ججز کو 6 ماہ میں واپس بھیجنے کا حکم دیا تھا۔
ڈیپوٹیشن پر آئے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے ٹریبونل کے فیصلے کیخلاف اپیل دائر کی تھی، ٹریبونل نے فیصلہ محفوظ کر رکھا تھا جس کے بعد صدر مملکت نے نیا ٹریبونل تشکیل دیا۔
عدالت نے نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 2 ہفتے کیلئے ملتوی کردی۔