چیف شماریات نے بریفنگ میں کہا کہ گذشتہ سال مارچ میں مہنگائی 20.7 فیصد کی نسبت اِس سال مارچ میں صرف 0.7 فیصد پر آگئی ہے۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیر صدارت اجلاس میں ملک میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے موجودہ رجحان کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں چیف شماریات نے مہنگائی کی شرح میں نمایاں کمی کے بارے میں شرکا کو بریفنگ دی۔
چیف شماریات نے بریفنگ میں کہا کہ پچھلے سال مارچ میں 20.7 فیصد کی سطح پر پہنچنے والی مہنگائی کی شرح اس سال مارچ میں صرف 0.7 فیصد تک آگئی۔دیہات میں مہنگائی کی شرح صفر فیصد رہی جبکہ شہروں میں 1.2 فیصد کا اضافہ ہوا۔ شہروں میں کور انفلیشن 8.2 فیصد جبکہ دیہی علاقوں میں 10.2 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے طلب و رسد کو بہتر بنانے کے لئے مؤثر طریقہ کار وضع کرنے کی ہدایت کی۔ تمام صوبائی حکومتوں کو پرائس مانیٹرنگ نظام کو بہتر بنانے کی بھی تاکید کی۔
عید الضحٰی سے قبل سپلائی چین مستحکم کرنے پر زور دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے متعلقہ وزارتوں کو فوری اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔