پاکستان اور بیلاروس کے درمیان دوسرا بزنس فورم اسلام آباد میں منعقد ہوا۔۔وزیر تجارت جام کمال نے فورم سے خطاب میں دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے پر زور دیا۔
اسلام آباد میں پاکستان اور بیلاروس کے درمیان دوسرے بزنس فورم میں دونوں ممالک کے تاجروں اور حکومتی نمائندوں نے شرکت کی۔ وزیر تجارت جام کمال نے فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بیلاروس کے درمیان دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو مزید وسعت دی جا سکتی ہے۔فورم کے دوران بیلاروس چیمبر آف کامرس اور پاکستان کے ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے درمیان باہمی تعاون کے معاہدے پر دستخط ہوئے۔ وزیر تجارت نے بیلاروسی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے اسپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور کہا کہ توانائی ٹیرف میں کمی پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کر رہی ہے۔فورم میں پاکستان کی تجارتی صلاحیت پر مفصل پریزنٹیشن پیش کی گئی جبکہ بزنس ٹو بزنس سیشنز میں کاروباری وفود کے درمیان براہ راست ملاقاتوں کا بھی اہتمام کیا گیا۔ وزیر تجارت جام کمال نے فورم کو پاکستان اور بیلاروس کے درمیان خوشحالی اور شراکت داری کی نئی راہ قرار دیا اور کہا کہ یہ فورم تجارتی تعلقات کو ایک نئے باب میں داخل کر رہا ہے۔