ملک میں طویل خشک سالی کے باعث آبی ذخائر بُری طرح متاثر ہوگئے۔ گزشتہ سال اپریل کی نسبت اس وقت آبی ذخائر میں قابل استعمال پانی 50 فیصد کم ہے۔ گزشتہ روز ڈیموں میں پانی کا مجموعی قابل استعمال ذخیرہ 4 لاکھ 37 ہزار ایکڑفٹ ریکارڈ کیا گیا۔
سرکاری اعداد وشمار کے مطابق 9 اپریل 2024 کو پاکستان کے تمام ڈیموں میں پانی کا قابل استعمال ذخیرہ 8 لاکھ 75 ہزار ایکڑ فٹ تھا۔ جو گزشتہ روز 4 لاکھ 37 ہزارایکڑ فٹ ریکارڈ کیا گیا۔ گذشتہ برس کےمقابلےمیں تربیلا ڈیم میں پانی کا قابل استعمال ذخیرہ ایک لاکھ 31 ہزار ایکڑفٹ کم ہے۔ تربیلا میں گزشتہ سال نو اپریل کی نسبت پانی کے ذخیرے میں سات فٹ کمی ریکارڈ کی گئی۔
گزشتہ سال نو اپریل کو تربیلا میں پانی کی سطح 1417 فٹ تھی جو اب 1410 فٹ ہے۔ منگلا ڈیم میں گزشتہ سال اپریل کی نسبت پانی کے ذخیرے میں ایک لاکھ 56 ہزار ایکڑ فٹ کمی دیکھی گئی۔ گزشتہ سال منگلا ڈیم میں پانی کا ذخیرہ چار لاکھ 48 ہزار ایکڑ فٹ تھا۔ جو اس وقت دو لاکھ 92 ہزار ایکڑفٹ ہے۔
منگلا ڈیم میں پانی کی سطح میں نو فٹ کمی ریکارڈ کی گئی ۔ گذشتہ سال سطح 1103 فٹ تھی جو اب ایک ہزار 94 فٹ ہے۔ چشمہ بیراج میں گزشتہ سال نو اپریل کی نسبت اس وقت پانی کا ذخیرہ ایک لاکھ 51 ہزار ایکڑفٹ کم ہوگیا۔ گزشتہ سال چشمہ میں پانی کا ذخیرہ دو لاکھ 6 ہزار ایکڑفٹ تھا جو اس سال 55 ہزار ایکڑ فٹ رہ گیا۔ چشمہ میں گزشتہ سال کے مقابلے میں پانی کی سطح میں 6 فٹ کمی ریکارڈ کی گئی۔