پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں کاروباری ہفتے کے چوتھے روز زبردست تیزی کا رجحان ہے۔
جمعرات کو عالمی منڈیوں کے ساتھ ساتھ پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں بھی دوبارہ مثبت رجحان دیکھنے کو ملا، اسٹاک مارکیٹ میں 2940 پوائنٹس کی تیزی کے ساتھ کاروبار کا آغاز ہوگیا، مارکیٹ میں ایک لاکھ 15ہزار،16ہزار اور 17 ہزار کی 3 حدیں بحال ہوگئی۔
کے ایس ای 100 انڈیکس 116,507.03 پوائنٹس پر موجود ہے، جس میں 2,353.88 پوائنٹس یعنی 2.06 فیصد کا اضافہ ہوا تھا۔ انڈیکس نے دن کے دوران 117,484.16 پوائنٹس کا بلند ترین سطح کو چھو لیا۔
آج کاروبار کے دوران تمام شعبوں میں خریداری دیکھنے کو ملی، خاص طور پر آٹوموبائل اسمبلی، سیمنٹ، کمرشل بینکس، آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن کمپنیاں، او ایم سیز، پاور جنریشن اور ریفائنری کے شعبے شامل ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز عالمی تجارتی جنگ کے خدشات کے سبب پی ایس ایکس میں فروخت کا دباؤ واپس آیا تھا، جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس 114,153.15 پوائنٹس پر بند ہوا، جس میں 1,379.28 پوائنٹس یا 1.19 فیصد کی کمی واقع ہوئی تھی۔
دوسری جانب امریکی ٹیرف میں 90 دن کا وقفے کے بعد عالمی اسٹاک مارکیٹس میں بھی تیزی دیکھی جارہی ہے۔ امریکا کی اسٹاک مارکیٹوں میں تیزی کا رجحان ہے۔ نیسڈیک نواعشاریہ آٹھ، ایس اینڈ پی آٹھ اعشاریہ دو اور ڈاؤ جونزکے حصص میں سات فیصد کا اضافہ ہوا۔ خام تیل کی قیمت 4 فیصد بڑھ گئی۔ برینٹ کروڈ آئل 65 ڈالرفی بیرل سے اوپر چلا گیا۔ عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت بھی 3 فیصد بڑھ گئی۔