پاکستان میں شوال کا چاند نظر آگیا ہے اور کل بروز پیر ملک بھر میں عید الفطر منائی جائے گی۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس مولاناعبدالخبیر کی زیر صدارت ہوا جس کے دوران ملک بھر سے شہادتیں موصول ہونے اور پھر تصدیق کا عمل مکمل ہونے پر شوال کا چاند نظر آنے کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے ۔
صوبائی رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس اپنے اپنے علاقوں میں ہوئے۔
زونل رویت ہلال کمیٹی لاہور نے تصدیق کی ہے کہ آج 30 مارچ 2025 کو شام کے وقت شوال کا چاند واضح طور پر دیکھا گیا۔
کمیٹی کے ارکان نے شہادتوں کا جائزہ لینے کے بعد اس بات کی تصدیق کی کہ چاند کی رویت ہوئی ہے۔
مولانا عبدالخبیر آزاد کی نیوز کانفرنس
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے اعلان کیا کہ اسلام آباد سمیت پاکستان کے مختلف علاقوں میں شوال المکرم 1446 ہجری کا چاند نظر آگیا ہے۔
اتوار 30 مارچ 2025 کو اسلام آباد میں منعقدہ نیوز کانفرنس کے دوران انہوں نے بتایا کہ لاہور، بہاولپور، اسلام آباد، شیخوپورہ، قصور اور دیگر مقامات سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں۔
انہوں نے کہا کہ آج ملک کے بیشتر حصوں میں مطلع صاف تھا جس کے باعث چاند کی رویت ممکن ہوئی۔
کمیٹی نے اتفاق رائے سے فیصلہ کیا کہ یکم شوال المکرم 31 مارچ 2025 بروز پیر کو ہوگی، اور اسی روز عید الفطر منائی جائے گی۔
مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ یہ ملک اسلام کا قلعہ ہے اور اس کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا اور انہوں نے دہشت گردی، انتہا پسندی اور فرقہ واریت کے خاتمے کے لیے قوم سے متحد ہونے کی اپیل کی۔
ان کا کہنا تھا کہ ماہ رمضان المبارک میں نیکیوں کا اجر کئی گنا بڑھ جاتا ہے اور ہمیں چاہیے کہ قومی یکجہتی پیدا کریں تاکہ پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہو۔
انہوں نے کہا قرآن ہمیں سکھاتا ہے کہ اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لو اور تفرقوں میں نہ بٹو۔
چیئرمین نے افواج پاکستان کے شہداء کے لیے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے اور ان کے درجات بلند کرے۔
انہوں نے قوم سے عہد کرنے کی اپیل کی کہ سب مل کر ملک کو آگے بڑھائیں گے اور اسے امن و خوشحالی کا گہوارہ بنائیں گے۔