گورنرخیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ عید الفطر کے پیش نظر طورخم بارڈر کا کھلنا انتہائی ضروری تھا۔
اتوار کے روز گورنرخیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پاک افغان لویہ جرگہ کے نمائندہ وفد نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی اور طورخم بارڈر کھولنے کے لئے کوششوں پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
جرگہ اراکین میں ضم اضلاع سے تعلق رکھنے والے قبائلی عمائدین اور خیبر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے نمائندے شامل تھے۔
ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے جرگہ اراکین کا کہنا تھا کہ بارڈر بندش سے کاروباری اور صنعتی شخصیات کے ساتھ عام لوگوں کو بھی بے انتہا مسائل کا سامنا تھا۔
اس موقع پر گورنر کا کہنا تھا کہ عید الفطر کے پیش نظر طور خم بارڈر کا کھولنا انتہائی ضروری تھا اور یہ کامیابی اجتماعی کوششوں کے نتیجے میں ممکن ہوئی۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ طور خم بارڈر سے تجارتی سرگرمیوں کے فروغ میں خیبر چیمبر کا کردار قابل تحسین ہے اور خیبر چیمبر سمیت صوبہ بھر کی تاجر برادری کے مسائل کے حل کے لیے تعاون اور کوششیں جاری رکھوں گا۔