وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے این ایچ اے اور موٹروے پولیس کو اہم ہدایات جاری کردیں، کہا قومی شاہراہوں پر کوئی گاڑی فٹنس کے بغیر نہ آئے۔ موٹرویز اور ہائی ویز کی مانیٹرنگ بڑھائی جائے۔
وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی زیر صدارت این ایچ اے اور موٹر وے پولیس کا اجلاس ہوا، جس میں عبدالعلیم خان نے قومی شاہراہوں پر روڈ سیفٹی اور ایم ٹیگ سمیت کئی اہم فیصلے کیے اور اداروں کو اہداف بھی دے دئیے۔ ان کا کہنا تھا کہ شاہراہوں پر کوئی گاڑی فٹنس کے بغیر نہیں آنی چاہیے۔ اس حوالے سے مانیٹرنگ اور سرویلنس بڑھائی جائے۔
وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے واضح کیا کہ اوورلوڈنگ قابل قبول نہیں۔ سرٹیفکیٹ کے بغیر کوئی بس مسافروں کو نہ لے جائے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ تین ماہ کے اندر پہلے سے موجود کمرشل ڈرائیوروں کے لائسنس کی دوبارہ تصدیق ہونی چاہیے۔
وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کی عوامی آگاہی کے لئے نئی پالیسیوں کی مناسب تشہیر کی بھی ہدایت کی۔ این ایچ اے اور موٹرویز پولیس علیحدہ علیحدہ میڈیا کیمپئن تشکیل دیں۔ آئی جی موٹرویز ٹرانسپورٹرز سے ملاقات کرکے نئی پالیسیوں سے آگاہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ شاہراہوں کو محفوظ بنانا ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے اداروں کی ساکھ کا خود خیال کرنا ہوگا۔ ملک بھر کی موٹرویز کو مکمل طور پر آٹومیٹڈ دیکھنا چاہتا ہوں۔ سیکرٹری مواصلات، چیئرمین این ایچ اے اور آئی جی موٹرویز کو مانیٹرنگ سیل بنانے کی بھی ہدایت کی۔