اپوزیشن اتحاد نے قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی اجلاس کی ان کیمرا بریفنگ کا بائیکاٹ کر دیا تاہم وزیراعلیٰ خیبرپختوانخوا علی امین گنڈاپور موجود ہوں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران محمود اچکزئی نے کہا پاکستان کے حالات تقاضا کرتے ہیں تمام ایم این ایزاورسینیٹرز کو بلایا جائے اور صورتحال پر بریفنگ دی جائے، 5 سے 10 ایم این ایزبلا کر بریفنگ کا کیا مطلب ہے؟ ہم نے اس لیے اِن کیمرہ بریفنگ کا بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کیا۔
تحریک انصاف کے رہنما سلمان اکرم راجہ کا کہناہے کہ کوئی بھی بات چیت تحریک انصاف کی شمولیت کے بغیر فضول ہے۔ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہونے تک قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں نہیں جائیں گے۔ تاہم وزیراعلیٰ خیبرپختوانخوا علی امین گنڈاپور موجود ہوں گے۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ اطلاعات ہیں کہ آج اجلاس میں افغانستان پر حملوں کا فیصلہ کا جائے گا، تحریک انصاف کسی ملک میں کارروائی کی حمایت نہیں کرے گی، دہشت گردی کے مسائل کا حل بڑے ڈائیلاگ میں ہی ہے۔
رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ ہم جرگہ بلانے کا مطالبہ کرتے ہیں مسائل کا حل بڑے ڈائیلاگ میں ہے ، کوئی بھی بات چیت تحریک انصاف کی شمولیت کے بغیر فضول ہے۔
اپوزیشن لیڈرعمر ایوب نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملنے نہ دینے کی مذمت کرتےہیں، نیشنل سیکیورٹی اجلاس بلانے کا کل اچانک فیصلہ کیا گیا، اتنے اہم ایشوپربریفنگ دینی ہے، سب سےبڑی جماعت کے لیڈر سے مشاورت نہیں کرنے دی گئی۔