ویسٹ انڈیز کے لیجنڈری فاسٹ بولر اینڈی رابرٹس نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے ’’ انڈین کرکٹ بورڈ ‘‘ قرار دے دیا۔
لیجنڈری فاسٹ بولر نے چیمپئنز ٹرافی کے دوران بھارتی ٹیم کے سفر نہ کرنے اور تمام میچز دبئی میں کھیلنے کے فیصلے پر روہت شرما کی قیادت والی ٹیم کو بھی آڑے ہاتھوں لیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اینڈی رابرٹس نے کہا کہ آئی سی سی بھارت کو غیر معمولی فائدہ پہنچا رہی ہے اور انہوں نے گزشتہ برس کے ٹی 20 ورلڈ کپ کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ بھارت کو پہلے سے معلوم تھا کہ ان کے سیمی فائنل میچز کہاں ہوں گے اور اب چیمپئنز ٹرافی میں بھی انہیں یکطرفہ سہولت دی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک بڑے ٹورنامنٹ میں بھارتی ٹیم کا سفر نہ کرنا ناقابل فہم ہے جبکہ دیگر ٹیمیں پاکستان سے متحدہ عرب امارات تک سفر کرنے پر مجبور ہیں۔
سابق ویسٹ انڈین کرکٹر نے طنزیہ انداز میں کہا کہ آئی سی سی کا مطلب اب انڈین کرکٹ بورڈ ہے، بھارت جو چاہے حکم دیتا ہے اگر کل وہ کہے کہ نو بال اور وائیڈ بال ختم کر دو تو آئی سی سی اسے بھی ممکن بنا دے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئی سی سی کو بھارت کے مطالبات کو مسترد کرنے کی ہمت دکھانی چاہیے کیونکہ بھارت ہر چیز پر قابض نہیں ہو سکتا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت سے بہت زیادہ پیسہ آتا ہے لیکن کرکٹ کو صرف ایک ملک کا کھیل نہیں بننا چاہیے، اب ایسا لگتا ہے کہ یہ ایک ملکی مقابلہ ہے اور کھیل کی روح مجروح ہو رہی ہے۔