بھارتی کرکٹ ٹیم کے سٹار بیٹر ویرات کوہلی نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کی فتح کے بعد اپنے مستقبل سے متعلق اہم اشارہ دیتے ہوئے قیاس آرائیوں کو ہوا دی ہے کہ وہ شاید زیادہ عرصے تک ٹیم کے ساتھ نہ رہیں۔
فائنل میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کوہلی نے کہا کہ جب آپ جا رہے ہوتے ہیں تو آپ چاہتے ہیں کہ ٹیم کو ایک بہتر مقام پر چھوڑ جائیں اور مجھے لگتا ہے کہ ہمارے پاس ایک ایسا اسکواڈ ہے جو اگلے 8 سال تک دنیا کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔
ویرات کوہلی نے کہا کہ یہ ایک شاندار تجربہ رہا، آسٹریلیا کے سخت دورے کے بعد ہم واپسی اور ایک بڑا ٹورنامنٹ جیتنا چاہتے تھے، چیمپئنز ٹرافی جیتنا حیرت انگیز ہے۔
کوہلی کا کہنا تھا کہ ڈریسنگ روم میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، یہ کھلاڑی اپنے کھیل کو آگے لے جانے کی کوشش کر رہے ہیں اور ہم اپنے تجربے کا اشتراک کرکے ان کی مدد کرنے میں خوش ہیں، یہی چیز اس بھارتی ٹیم کو مضبوط بناتی ہے۔"
کوہلی نے ٹیم کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہر کھلاڑی نے ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی دکھائی اور پریکٹس سیشنز کی محنت رنگ لائی۔
انہوں نے کہا ہمارا اسکواڈ اگلے 8 سال تک عالمی سطح پر مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے، یہ ایک زبردست ٹیم کا حصہ رہا اور جیت کا احساس بہت اچھا ہے۔
ان کے اس بیان سے اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ وہ مستقبل قریب میں ون ڈے کرکٹ سے کنارہ کشی کا سوچ رہے ہیں تاہم انہوں نے براہ راست ریٹائرمنٹ کا اعلان نہیں کیا۔