قائم مقام چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ سرفراز ڈوگر نے جسٹس بابر ستار کے پرائیویٹ سیکرٹری کے دیگر ہائیکورٹس سے ٹرانسفر ہو کر آنے والے عدالتی عملے سے متعلق سائلین سے مبینہ رشوت ستانی کی شکایات کے خط کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دے دیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرار یار محمد ولانہ نے جسٹس بابر ستار کے پرائیویٹ سیکرٹری محمد سعید کی جانب سے لکھے گئے خط کا معاملہ قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کے سامنے رکھا۔
قائم مقام چیف جسٹس نے رجسٹرار یار محمد ولانہ اور ایڈیشنل رجسٹرار اسٹیبلشمنٹ رائے محمد خان پر مشتمل انکوائری کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے تین دن میں رپورٹ طلب کر لی۔
جسٹس بابر ستار کی ہدایت پر ان کے پرائیویٹ سیکرٹری نے خط میں لکھا تھا کہ دیگر ہائی کورٹس سے تبدیل ہوکر آنے والا سٹاف سائلین اور وکلا کا پیچھا کرکے ان سے رقم کا مطالبہ کرتا ہے۔ اگر ایسے مطالبات کی رپورٹس درست ثابت ہوں تو ملوث عملے کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔