وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے علاقائی امن و استحکام کے لیے امریکہ کے ساتھ قریبی شراکت داری جاری رکھیں گے۔ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنے پختہ عزم اور غیر متزلزل وابستگی پر قائم ہے۔ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے سیکیورٹی فورسز سمیت اسی ہزار پاکستانیوں نے جانیں قربان کیں۔
وزیراعظم شہبازشریف نے سوشل میڈیا پیغام میں کہا کہ افغانستان میں انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں پاکستان کے کردار کا اعتراف کرنے اور سراہنے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ خاص طور پر پاکستانی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے افغان باشندے اور آئی ایس کے پی کے آپریشنل کمانڈر شریف اللہ کی گرفتاری کے تناظر میں۔ کمانڈر شریف اللہ ایک انہتائی مطلوب دہشت گرد ہے۔ جس کو پاک افغان سرحدی علاقے میں کامیاب کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا پاکستان نے ہمیشہ انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں اہم کردار ادا کیا۔ پاکستان دہشت گردوں اور عسکریت پسند گروپوں کو کسی دوسرے ملک کے خلاف کارروائی کے لیے محفوظ پناہ گاہوں کی فراہمی روکنے پر یقین رکھتا ہے۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ ہم دہشت گردوں سے نمٹنے کے لیے اپنے عزم پر ثابت قدم ہیں۔ ان کوششوں میں پاکستان نے بڑی قربانیاں دی ہیں۔ پاکستان کے 80 ہزار سے زیادہ بہادر فوجیوں اور شہریوں نے جانیں قربان کیں ۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا پاکستان سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے ہماری قیادت اور عوام کا عزم غیر متزلزل ہے ۔ علاقائی امن اور استحکام کے لیے امریکہ کے ساتھ قریبی شراکت داری جاری رکھیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے افغان باشندےاوراہم کمانڈرشریف اللہ کو گرفتارکیا، انتہائی مطلوب دہشتگرد شریف اللہ کو پاک افغان سرحدی علاقے میں کامیاب آپریشن کے دوران گرفتار کیا گیا۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کانگریس کے مشترکہ اجلاس سے اپنے پہلے خطاب میں 2021 میں کابل ایئرپورٹ کے ایبے گیٹ پر ہونے والے بم دھماکے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ آج رات مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ہم نے اس ظلم کے ذمہ دار سرفہرست دہشت گرد کو گرفتار کر لیا ہے اور وہ امریکی انصاف کی تیز تلوار کا سامنا کرنے کے لیے یہاں آرہا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے گرفتاری میں اسلام آباد کے کردار پر اس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں خاص طور پر پاکستان کی حکومت کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ انہوں نے اس درندے کو گرفتار کرنے میں مدد کی۔