وزیراعظم شہباز شریف نے بنوں کینٹ پر فتنہ الخوارج کے دہشت گرد حملے کو ناکام بنانے اور حملہ آوروں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے سیکیورٹی فورسز کے افسران اور جوانوں کی بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی بہادر افواج اور سیکیورٹی ادارے دہشت گردوں کے عزائم خاک میں ملانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔
وزیرِاعظم نے حملے میں معصوم شہریوں کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور ان کے درجات کی بلندی کی دعا کی۔ زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے انہیں بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والے بزدل دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں،فتنہ الخوارج کی مکمل سرکوبی تک جنگ جاری رہے گی اور پوری قوم اپنی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔