دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے گروپ اسٹیج کے آخری میچ میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو 44 رنز سے شکست دے دی۔
نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جس کے بعد بھارتی ٹیم نے بیٹنگ شروع کی اور 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 249 رنز بنائے۔
بھارت کا ٹاپ آرڈر نیوزی لینڈ کے سامنے مشکلات سے دوچار رہا اور صرف 30 رنز پر تین اہم کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔
شبھمن گل 2، روہت شرما 15 اور ویرات کوہلی 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، تاہم، شریاس ایئر نے 79 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کو سنبھالا۔
ہاردک پانڈیا نے 4 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 45 رنز بنائے جبکہ اکسر پٹیل نے 42 رنز کا حصہ ڈالا۔
نیوزی لینڈ کے فاسٹ باؤلر میٹ ہنری نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 42 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 250 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 45.5 اوورز میں 205 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔
کین ولیمسن نے 81 رنز کی بہترین اننگز کھیلی اور 7 چوکے لگائے لیکن دیگر بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے، مچل سینٹنر نے 28، ول ینگ نے 22 اور ڈیرل مچل نے 17 رنز بنائے جبکہ ٹام لیتھم 14 اور گلین فلپس 12 رنز پر آؤٹ ہوئے۔
بھارت کی جانب سے ورون چکرورتی نے 42 رنز دے کر 5 وکٹیں لیں جبکہ کلدیپ یادو نے 2، اور ہاردک پانڈیا، اکسر پٹیل اور رویندر جڈیجا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس فتح کے ساتھ بھارت، نیوزی لینڈ، آسٹریلیا اور جنوبی افریقا نے ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔