تھر ڈیزرٹ ٹرین سفاری کا دوسرا شاندار اور کامیاب سفر 26 سے 27 فروری تک جاری رہا، جس میں شائقین کو اندرون سندھ کے تاریخی مقامات کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملا۔ سندھ کلچر اینڈ ٹورزم ڈپارٹمنٹ اور ایس آئی ایف سی کی جانب سے متعارف کرائی گئی یہ سفاری سندھ کے عوام کے لیے سیاحت کا ایک نیا باب ثابت ہو رہی ہے۔
یہ شاندار سفاری ٹرین حیدرآباد، میرپور خاص اور چھور سے ہوتی ہوئی کھوکھراپار تک پہنچی، جہاں سے کراچی واپسی پر اختتام پذیر ہوئی۔ شائقین نے چھور اور پرچی جی ویری میں غروبِ آفتاب کے دلکش مناظر دیکھے اور صحرائی اونٹ سواری کا بھی بھرپور لطف اٹھایا۔
سفر میں شریک افراد کا کہنا تھا کہ یہ سفاری نہ صرف سندھ کے ثقافتی ورثے کی عالمی سطح پر پذیرائی کا باعث بنے گی بلکہ سیاحت کے فروغ کے ذریعے مقامی افراد کے لیے ذریعہ معاش بھی ثابت ہوگی۔ تھر ڈیزرٹ ٹرین سفاری کو سندھ کی تاریخ و ثقافت کے فروغ میں ایک سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے، جو صوبے کے عوام کی ثقافتی وابستگی اور جذبے کی عکاسی کرتا ہے۔