کراچی کے صارفین کے لیے بجلی 4 روپے 95 پیسے فی یونٹ سستی ہونے کا امکان ہے۔
دسمبر کے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کراچی کے صارفین کیلئے بجلی 4 روپے 95 پیسے کمی کی درخواست پر نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی ( نیپرا ) میں سماعت ہوئی جس کے دوران کے الیکٹرک حکام نے کہا پارشل لوڈ، اوپن سائیکل اور سٹارٹ اپ کاسٹ کی مد میں پانچ ارب روپے کے بقایاجات ہیں۔
صارفین نے کہا ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کا مکمل ریلیف عوام کو منتقل کیا جائے ، کراچی کے کمرشل علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا مسئلہ جوں کا توں ہے ، انڈسٹریل سپورٹ پیکج بھی کراچی میں نافذ نہیں کیا گیا۔
نیپرا حکام بولے کے الیکڑک نے انڈسٹریل پیکج کو عدالت میں چیلنج کر رکھا ہے۔
کے ای حکام نے کہا دسمبر میں کے الیکڑک نے اپنے ذرائع سے 18 روپے 60 پیسے فی یونٹ بجلی پیدا کی ہے جبکہ کے الیکڑک کو سی پی پی اے سے ملنے والی بجلی کی قیمت 9 روپے 60 پیسے فی یونٹ رہی ہے۔
نیپرا نے کے الیکڑک کی درخواست پرسماعت مکمل کرلی جبکہ فیصلہ اعدادوشمار کا جائزہ لینے کے بعد جاری کیا جائے گا۔
درخواست منظوری کی صورت میں کراچی کے شہریوں کو پانچ ارب روپے کا ریلیف ملے گا۔