یورپ میں یوکرین جنگ کے متعلق نیا موڑ سامنے آیا ہے برطانوی وزیراعظم ملاقات میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کویوکرین میں 30 ہزار یورپی فوجیوں کی تعیناتی کے منصوبے پر قائل کرنے کی کوشش کریں گے۔
برطانوی اخبار دی ٹائمز کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مغربی اتحادی یوکرین میں جنگ بندی اور امن معاہدے کے امکانات پر غور کر رہے ہیں یہ منصوبہ امریکی حمایت کے بغیر مؤثر ثابت نہیں ہو سکتا اور یہی وجہ ہے کہ برطانوی وزیراعظم ٹرمپ سے ملاقات میں اس حوالے سے بات چیت کریں گے۔
مغربی سفارتی ذرائع کے مطابق اگر ٹرمپ اس منصوبے کی حمایت کرتے ہیں تو یہ ایک بڑا سفارتی قدم ہوگا جو روس پر دباؤ ڈالنے کے لیے یورپ کے عزم کو ظاہر کرے گا لیکن اس تجویز پر امریکہ اور نیٹو اتحادیوں کے درمیان اختلافات بھی پیدا ہو سکتے ہیں، کیونکہ امریکی پالیسی اب تک یوکرین میں براہ راست فوجی مداخلت سے گریز پر مبنی رہی ہے۔
یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب یوکرین میں جنگ جاری ہے اور روس مسلسل اپنی عسکری پوزیشن مضبوط کر رہا ہےیورپی رہنماؤں کے لیے یہ ایک نازک لمحہ ہے جہاں انہیں امریکی پالیسی کے مطابق چلتے ہوئے اپنی سیکیورٹی پالیسی بھی ترتیب دینا ہوگی۔