الیکشن کمیشن نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور آئی جی اسلام آباد کو تبدیل کرنے کیلئے مراسلہ بھیج دیا۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ الیکشن کمیشن نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن اور آئی جی اسلام آباد اکبرناصرخان کو بھی تبدیل کرنے کا کہہ دیا ہے،الیکشن کمیشن نے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو دونوں افسران کے تبادلے کیلئے مراسلہ بھی بھیج دیا ہے۔
الیکشن کمیشن کی انتخابات میں تاخیر کے حوالے سے قیاس آرائیوں کی تردید
دوسری جانب صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی کے انتخابات کے التوا سے متعلق بیان پر الیکشن کمیشن نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کی آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے تیاریاں مکمل ہیں،حلقہ بندیوں کی حتمی اشاعت کے فوراً بعد انتخابات کے شیڈول کا اعلان کر دیا جائے گا۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق صدر مملکت کے انٹرویو میں یہ تاثرگیا ہے کہ شاید الیکشن ملتوی ہو جائیں گے،مگر الیکشن ملتوی ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے، 30 نومبر 2023 کو الیکشن کمیشن حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست شائع کردے گا، الیکشن انعقاد کےلیے ایکشن پلان کے مطابق الیکشن کمیشن کی تمام تیاریاں مکمل ہیں۔
بیان کےمطابق حلقہ بندیوں کا پہلا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے اور اعتراضات دائر کرنے کا دوسرا مرحلہ کل یعنی 27اکتوبر 2023 کو مکمل ہو جائے گا۔ ابتدائی حلقہ بندی پر اعتراضات کی سماعت الیکشن کمیشن 30/31 اکتوبر سے شروع کرے گا۔