ملکی تاریخ کا سب سے بڑا وزیراعظم رمضان ریلیف پیکج دینے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ رمضان ریلیف پیکیج کے تحت 40 لاکھ خاندانوں کو نقد رقم دینے کی تجویز ہے۔ کابینہ اجلاس میں پیکج منظوری کے بعد فوری عمل درآمد ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق 20 ارب روپے سے زائد کے رمضان ریلیف پیکج پر کام تیز کردیا گیا۔ وزیراعظم نے کابینہ کے آئندہ اجلاس میں ریلیف پیکج پیش کرنے کی ہدایت کردی۔ وزیراعظم ہاؤس کی متعلقہ وزارتوں اور اداروں کوجلد کام مکمل کرنے کی ہدایت کردی گئی۔
متوسط طبقے کو رمضان پیکج سے مستفید کرنے کیلئے دو تجاویز پر غور جاری ہے، ذرائع کے مطابق 40 لاکھ خاندانوں کو 5 ہزار روپے فی کس دینے کی تجویز ہے جبکہ سستے رمضان بازاروں میں بنیادی اشیا پر10 سے 15 فیصد ریلیف کی بھی تجویز زیرغور ہے۔
ریلیف پیکج کیلئے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا ڈیٹا استعمال کیا جائے گا، وزارت صنعت و پیداوار ریلیف پیکج کیلئے 10ارب روپے دے گی جبکہ وزارت خزانہ بھی ریلیف پیکج کیلئے 8 ارب سے زائد فراہم کرے گی۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے بھی اڑھائی ارب روپے لیے جائیں گے۔