مراکش میں چوتھی گلوبل منسٹریل کانفرنس برائے روڈ سیفٹی کا انعقاد کیا گیا، جس میں دنیا بھر کے 193 ممالک کے مندوبین اور 260 وزراء و ماہرین نے شرکت کی۔ پاکستان کی نمائندگی وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ، مواصلات اور نجکاری عبدالعلیم خان نے کی۔
عبدالعلیم خان نے افتتاحی سیشن میں شرکت کی اور عالمی ماہرین کے ساتھ روڈ سیفٹی اور انفراسٹرکچر سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔
پاکستان اور ترکیہ کے درمیان اہم ملاقات
کانفرنس کے موقع پر وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی ترکیہ کے وزیر ٹرانسپورٹ عبدالقادر یورالوغلو سے اہم ملاقات ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان روڈ انفراسٹرکچر، دوطرفہ تعاون کے فروغ اور بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو سے متعلق تفصیلی بات چیت ہوئی۔
وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان کے لیے ترکیہ کی ترقی ایک رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہے اور دونوں ممالک مختلف شعبوں میں مل کر کام کر رہے ہیں۔
دوسری جانب، ترکیہ کے وزیر ٹرانسپورٹ عبدالقادر یورالوغلو نے پاکستان کے لیے خیرسگالی اور بھائی چارے کے جذبات کا اظہار کیا اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کی خواہش ظاہر کی۔