سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے جعلی کرنسی نوٹوں کی روک تھام کےلئے پلاسٹک کرنسی متعارف کرانے کی تجویز دے دی۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں چیئرمین کمیٹی سلیم مانڈوی والا نے بتایا کہ مارکیٹ میں جعلی نوٹوں کا رجحان بڑھ رہا ہے، مارکیٹ میں ایک ہزار کے جعلی نوٹ کا استعمال سب سے زیادہ ہے، اے ٹی ایم مشینوں سے بھی جعلی کرنسی نوٹ نکل رہے ہیں۔
اس موقع پر کمیٹی کے رکن سینیٹر محسن عزیز نے کہا کہ 5 ہزار والا کرنسی نوٹ بند ہونا چاہئے، اس سے بہت کچھ بند ہو جائے گا۔
گورنر سٹیٹ بینک نے کمیٹی کو کرنسی نوٹس کے سکیورٹی فیچر تبدیل کرنے کی یقین دہانی کرا دی، جمیل احمد نے کہا کہ اس سے جعلی کرنسی نوٹس کی روک تھام میں مدد ملے گی، مستقبل میں پولیمر کرنسی نوٹس بھی متعارف کرانے کا پلان ہے۔