ریفرنس سے متعلق وزیراعظم کے مشیر راناثناء اللہ کے بیان پر جسٹس منصور علی شاہ کا ردعمل آگیا۔
سپریم کورٹ میں نئے ججز کی حلف برداری کی تقریب میں صحافیوں سے غیررسمی بات چیت میں صحافی نے سوال کیا کہ حکومتی مشیر نے کہا ہے کہ 2سینئر ججز کیخلاف ریفرنس آسکتا ہے، جس پر جسٹس منصور علی شاہ آنے دیں ریفرنس، جب کچھ غلط نہیں کیا تو کیوں ڈریں۔
صحافی نے سوال کیا کہ سنا ہے آج کل آپ کام نہیں کر رہے؟ جسٹس منصور علی شاہ نے جواب دیا کہ سپریم کورٹ کی ویب سائٹ سے دیکھ لیں، دیکھ لیں سب سے زیادہ کیس کس نے نمٹائے، دیکھ لیں سب سے زیادہ رپورٹڈ فیصلے کس کے ہیں؟۔
ایک اور سوال کیا گیا کہ چیف جسٹس کہتے ہیں خط لکھنے والے ججز گھبرا گئے ہیں ۔ جسٹس منصور نے مسکراتے ہوئے جواب دیا جی دیکھیں اس وقت بھی ہمارے ہاتھ پاؤں کانپ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ چند روز قبل ایک ٹی وی انٹرویو میں مشیر وزیراعظم رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ حکومت سپریم کورٹ کے دو سینئر ججز کے خلاف ریفرنس پرغور کررہی ہے۔ ، دونوں سینئرججزکے طرزعمل پرکمیشن بنایا جاسکتاہے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ 2 سینئر ججز کے خلاف ریفرنس بنایا جا سکتا ہے، یہ ججز ہر معاملے پر خط لکھ دیتے ہیں۔ ان کا خط میڈیا کو پہلے مل جاتا ہے، اس عمل کو کہیں نہ کہیں مس کنڈکٹ سے جوڑا جا سکتا ہے۔ دو سینئر ججز کی وجہ سے سپریم کورٹ میں معاملات نہیں چل رہے، وہ ہر معاملے میں خط لکھتے ہیں اور بائیکاٹ کرتے ہیں۔
جسٹس منصورعلی شاہ کا مزید کہنا تھا کہ تمام ججز کے ساتھ ملاقات ہوتی ہےاکٹھے چائے بھی پیتے ہیں، کمرے میں موجود ہاتھی کسی کو نظرنہ آئے تو کیا کرسکتے، کسی سے کوئی ذاتی عناد یا اختلاف نہیں مگر جو اصولی مؤقف ہے وہ ہمارا اپنا ہے۔