جنوبی افریقا کو شکست دے کر پاکستان ون ڈے کرکٹ ٹیم رینکنگ میں دوسرے نمبر پر آگیا، بھارت پہلے اور آسٹریلیا تیسرے نمبر پر ہیں۔
آئی سی سی ون ڈے ٹیم رینکنگ میں پاکستان ٹیم 111 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر آگئی، آسٹریلوی ٹیم اتنے ہی پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔
آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں بھارتی ٹیم 119 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے، نیوزی لینڈ 102 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے اور جنوبی افریقی ٹیم 99 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر ہے۔
پاکستان ٹیم نے جنوبی افریقا کیخلاف سہ فریقی سیریز کے تیسرے میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دی تھی، قومی ٹیم نے 352 رنز کا ہدف 4 وکٹوں پر ایک اوور قبل پورا کیا تھا۔
جنوبی افریقی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کیخلاف اس کی اپنی سرزمین پر سب سے بڑا ٹوٹل 351 رنز بنائے تھے تاہم پاکستان کی جانب سے کپتان محمد رضوان اور نائب کپتان سلمان علی آغا نے سنچریاں اسکور کرتے ہوئے چوتھی وکٹ کیلئے 260 رنز کی ریکارڈ شراکت قائم کی تھی۔