سعودی عرب میں آئی ٹی کی بین الاقوامی نمائش لیپ کا آغاز ہوگیا جس میں پاکستان سمیت دنیا بھر سے 18 سو سے زائد کمپنیوں کی جانب سے سٹالز لگائے گئے پاکستانی پولین کا افتتاح وزیر مملکت انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ نے کیا ، ایگزبیشن میں ہزاروں کی تعداد میں ملکی اور غیر ملکی شرکت کر رہے ہیں ۔
سعودی عرب میں ریاض ایگزبیشن اینڈ کنونشن سینٹر ملحم میں آئی ٹی کی بین الاقوامی نمائش لیپ کا آغاز ہوگیا جس کا افتتاح سعودی وزیر کمیونیکشن اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی عبداللہ السواحہ نے کیا ، چار روز جاری رہنے والی اس نمائش میں دنیا بھر سے 18 سو سے زائد آئی ٹی کمپنیوں کی جانب سے سٹالز لگائے گئے ہیں جن میں پاکستان سے 80 کمپنیوں کی جانب سے سٹالز لوگوں کی توجہ کا مرکز ہیں ، پاکستانی آئی ٹی کمپنیوں کے پولین کا افتتاح وزیر مملکت انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ نے کیا اور پاکستانی سٹالز کا جائزہ لیا ۔
اس موقعہ پر ان کا کہنا تھا کہ پاکستان انفارمیشن ٹیکنالوجی میں ایک خاص مقام رکھتا ہے اور اسکے آئی ٹی پروفیشنلز دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کو منوا رہے ہیں ، سعودی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے فِن ٹیک، سائبر سکیورٹی اور کلاؤڈ کمپیوٹنگ کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ڈیجیٹل سرمایہ کاری اور تکنیکی تعاون کے لیے سنہری مواقع ہیں ۔
شزا فاطمہ خواجہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ڈیجیٹل اور اقتصادی شراکت داری کو مزید وسعت دی جا رہی ہےلیپ 2025 کے موقع پر اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ (ڈی ایف ڈی آئی) فورم جلد اسلام آباد میں ہوگا جس میں عالمی سرمایہ کاروں کو شرکت کی دعوت جائے گی۔
شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ پاکستان عالمی معیار کی ڈیجیٹل سروسز فراہم کر رہا ہے، سرمایہ کاروں کے لیے شاندار مواقع موجود ہیں۔