حارث رؤف کی فٹنس کے حوالے سے بڑی خبر آگئی۔
ذرائع کے مطابق انجری کا شکار حارث روف کی طبیعت پہلے سے بہتر ہے تاہم انہیں جنوبی افریقا کیخلاف میچ میں آرام دینے کا امکان ہے۔ پاکستان اور جنوبی افریقا کا میچ 12 فروری کو کراچی میں ہوگا۔
ذرائع کے مطابق مینجمنٹ حارث روف کو کھلا کر رسک نہیں لینا چاہتی، حتمی فیصلہ حارث روف کی ایم آر آئی رپورٹس کی روشنی میں ہوگا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز نیوزی لینڈ کیخلاف میچ میں حارث روف پسلیوں میں درد کےباعث میدان سے چلے گئے، حارث رؤف اپنے ساتویں اوورکے دوران پسلیوں کی تکلیف میں مبتلا ہوئے۔
دوسری جانب بھارتی ٹیم کے نائب کپتان شبھمن گل نے ویرات کوہلی کی فٹنس کے متعلق اہم خبر دے دی۔ انگلینڈ کے خلاف تین ایک روزہ میچز کی سیریز کے پہلے میچ کے بعد بات چیت کرتے ہوئے شبھمن گل نے ویرات کوہلی کی فٹنس کے متعلق اپ ڈیٹ دیتے ہوئے کٹک میں شیڈول ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں کوہلی کی شمولیت کا اشارہ دے دیا۔
قبل ازیں نیوزی لینڈ کے فاسٹ باؤلر لوکی فرگوسن کی ٹرائی سیریز اور چیمپئنز ٹرافی میں شرکت مشکوک ہوگئی۔ لوکی فرگوسن یو اے ای میں کھیلے جانے والی آئی ایل ٹی کے دوران انجری کا شکار ہوئے جس کے باعث ان کی ٹرائی سیریز اور چیمپئنز ٹرافی میں شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔
صائم ایوب 10 ہفتوں کیلئے کرکٹ سے دور ہوگئے، پاکستان کرکٹ بورڈ نے صائم ایوب کی انجری کے حوالے سے اپڈیٹ جاری کردی، جس میں بتایا گیا ہے کہ پاکستانی اوپنر 10 ہفتوں کیلئے کرکٹ سے دور ہوگئے ہیں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر صائم ایوب جنوبی افریقا کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں انجری کا شکار ہوگئے تھے، جس کے بعد انہیں علاج کیلئے لندن بھجوایا گیا۔
آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کپتان پیٹ کمنز اور فاسٹ باؤلر جوش ہیزل ووڈ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہو گئے۔ جمعرات کو آسٹریلوی چیف سلیکٹر جارج بیلے نے تصدیق کی کہ کپتان پیٹ کمنز اور جوش ہیزل ووڈ اسکواڈ سے باہر ہو گئے ہیں۔