پاکستان میں کھانے پکانے کے اخراجات میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جہاں لاکھوں افراد گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے سے متاثر ہو رہے ہیں۔ رمضان المبارک کے قریب آتے ہی ان بنیادی اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافے نے عوام کو دیگر ضروریات پر سمجھوتہ کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔
رمضان 2025 کی آمد سے قبل گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں فی کلو چھ روپے تک کا اضافہ ہو چکا ہے۔ A-گریڈ گھی کی تھوک قیمت 595 سے 600 روپے فی کلوگرام تک پہنچ گئی ہے، جبکہ B-گریڈ برانڈز کی قیمت 540 روپے فی کلوگرام تک جا پہنچی ہے۔
پاکستان میں گھی کی قیمت
بی-گریڈ گھی کے دیگر کچھ برانڈز 550 روپے فی کلوگرام میں فروخت ہو رہے ہیں۔
رمضان المبارک سے قبل قیمتوں میں اچانک اضافے پر شہریوں کا کہنا ہے کہ پہلے نرخوں میں اضافہ کیا جاتا ہے اور بعد میں انہیں کم کر کے حکومت کی جانب سے "مہنگائی کنٹرول" کا تاثر دیا جاتا ہے۔
رمضان 2025 کا آغاز
پاکستان میں چاند دیکھنے کی ذمہ دار رویتِ ہلال کمیٹی 28 فروری کو رمضان المبارک 1446 ہجری کے چاند کا مشاہدہ کرنے کے لیے اجلاس منعقد کرے گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 28 فروری کی صبح 5 بج کر 45 منٹ پر نیا چاند پیدا ہوگا، تاہم اسی شام چاند دیکھنے کا کوئی امکان نہیں ہے۔
ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم جزوی طور پر ابر آلود یا صاف رہنے کا امکان ہے۔ پیشن گوئی کے مطابق، رمضان المبارک کا پہلا روزہ 2 مارچ 2025 بروز اتوار کو ہوگا۔