وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ دہشتگردی کےناسور کے مکمل خاتمے کیلئے افواج پاکستان اور عوام شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ امن قائم کرلیں تو پھرسیاست بھی ہوگی اور سیاسی میدان سجیں گے۔
وزیراعظم شہبازشریف کی سی ایم ایچ کوئٹہ آمد، زخمی سیکیورٹی اہلکاروں کی عیادت کی۔ زخمی جوانوں کے غیرمتزلزل عزم کو سراہا ۔ ان کی بہادری اور ہمت پر خراج تحسین پیش کیا۔
زخمیوں کے ساتھ گفتگو میں وزیراعظم کا کہنا تھا آپ سب قوم کے ہیرو ہیں۔ مجھ سمیت پوری قوم کو آپ پر اور قربانی کے جذبے سے سرشار آپ کے اہل خانہ پر فخر ہے ۔ جب تک قوم کا تحفظ ایسے بہادر جوانوں کے سپرد ہے، دشمن پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے اندر دہشتگردی کی دوبارہ لہر آئی ہے، پوری قوم شہدا،غازیوں کوسلام کرتی ہے، زخمیوں نےکہا بہترین علاج کی سہولتیں میسر ہیں۔ افواج پاکستان کے افسروں، جوانوں، سپہ سالارکی قیادت میں امن وامان نافذ کرنے والی ایجنسیاں فرض کی ادائیگیاں کررہی ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ دہشتگردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کیلئے افواج پاکستان اور عوام شانہ بشانہ کھڑے ہیں، بلوچستان میں دہشت اور شر پھیلانےوالےعناصر صوبے کی ترقی کے دشمن ہیں۔
شہبازشریف نے کہا کہ بلوچستان کےعوام کےتحفظ کیلئے سیکیورٹی فورسز شرپسندعناصرکیخلاف دن رات مصروف عمل ہیں ۔ بلوچستان کےامن، ترقی اور خوشحالی کیخلاف دشمنوں کے ناپاک عزائم کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ تفرقے،سیاست کاوقت نہیں، سیاست کرلیں گے لیکن آج قوم پر بڑا چیلنج ہے، سب اتفاق،اتحاد کے ساتھ اس چیلنج کا مقابلہ کریں۔ امن قائم کرلیں تو پھر سیاست بھی ہوگی اور سیاسی میدان سجیں گے۔ پوری توانائی اور خلوص کے ساتھ دہشتگردوں کا مقابلہ کرنا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ماضی کی بعض فاش غلطیوں کی وجہ سے ہمارے بہادرجوان خون دے کر ان غلطیوں کا ازالہ کررہے ہیں، 78 سال میں قوم کو جتنی آج اتحاد اور اتفاق کی ضرورت ہے پہلے نہیں تھی، عوام کی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے کی ضرورت جتنی آج ہے پہلے کبھی نہ تھی۔ ہم مل کر فتح یاب ہوں گے،پاکستان سرخرو ہوکر عظیم بنے گا۔






















