خیبرپختونخوا کے ضلع کرم کے علاقے بوشہرہ میں اسسٹنٹ کمشنر فائرنگ سے زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ سے زخمی اسسٹنٹ کمشنر سعید منان کو اسپتال منتقل کردیا گیا، اسسٹنٹ کمشنر فائربندی کے لئے پولیس کے ہمراہ بوشہرہ گئے تھے۔ فائرنگ کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکار بھی زخمی ہوگئے۔
دوسری جانب ضلع کرم میں جاری کشیدگی کے خاتمے اور امن معاہدے پر عمل درآمد کے لیے کمشنر ہاؤس میں جرگے میں شرکت کیلئے عمائدین پہنچ گئے۔
جرگہ میں مشیر اطلاعات بریسٹر سیف، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری، آئی جی، دونوں مسالک کے عمائدین اور جرگہ ممبران شریک ہیں۔
جرگہ میں ضلع کرم میں دائمی امن اور سفر محفوظ بنانے، قانون کی عملداری کےلئے اسلحہ کی حوالگی کے حوالے سے لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
جرگہ میں جی او سی کوہاٹ ذوالفقار علی بھٹی، کمشنر کوہاٹ ڈویژن سید معتصم باللہ شاہ، آر پی او کوہاٹ عباس مجید مروت اور دیگر آرمی اور ضلعی افسران بھی شریک ہیں۔